نئی دہلی،7؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ایئر انڈیا نے شیوسینا کے چپل مار ممبرپارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ پر لگی پابندی کو ہٹا لیا ہے۔اس کے بعد اب دیگر ایئر لائنس کی جانب سے بھی ان پر لگائی گئی پابندی ہٹنی طے ہے۔ ہوا بازی کی وزارت نے خط لکھ کر ایئر انڈیا سے پابندی ہٹانے کو کہا تھا۔اس سے پہلے کل جینت سنہا، سکریٹری اور ایئر انڈیا کے سی ایم ڈی کی دو گھنٹے کی میٹنگ ہوئی تھی۔اس کے بعد پھر گائیکواڑ نے ہوابازی کے وزیر گجپتی راجو کو خط لکھ کر واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا تھا، اس کے بعد آج پابندی لگنے کے 15ویں دن اس کو ہٹا لیا گیا۔اس سے پہلے ایئر انڈیا نے ایک بار پھر آج صبح ممبر پارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ کا ٹکٹ منسوخ کر دیا تھا۔ویب سائٹ سے جمعہ صبح 5بجے بکنگ کی گئی تھی،دو ٹکٹ منسوخ کئے گئے ہیں، جن میں سے 17؍اپریل کا دہلی سے ممبئی کا ٹکٹ تھا اور 24؍اپریل کا ممبئی سے دہلی کا ٹکٹ تھا، ان دونوں کو ہی منسوخ کر دیا گیا۔ادھر، گائیکواڑ معاملے پر شیوسینا نے جارحانہ تیور اختیارکررکھا ہے۔شیوسینا نے این ڈی اے کی میٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی، حالانکہ اس کے بعد ایم پی گائیکواڑ نے شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر اشوک گجپتی راجو کو خط لکھ کر واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا تھا ۔